کراچی: اسٹیٹ بینک نے ملکی معیشت پر پہلی سہ ماہی رپورٹ جاری کر دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس بی پی رپورٹ میں کہا گیا ہے مالی سال 2021 میں پاکستان کی معیشت کرونا سے پہلے کی راہ پر دوبارہ گامزن ہو چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاشی سرگرمیوں کی بحالی زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبوں میں نمایاں تھی، بیرونی اور مالیاتی شعبے کے اظہاریے بھی موافق رہے، ترقی پذیر بحالی کو معاشی استحکام برقرار رکھتے ہوئے حاصل کیا گیا۔
سہ ماہی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میعشیت کی بحالی اقدامات اور ڈیجیٹل ذرائع کے فروغ نے ترسیلاتِ زر بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، تیل کی قیمتوں میں کمی سے درآمدی ادائیگیاں گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہیں، تاہم پاکستان کی برآمدی کارکردگی متعدد دیگر ابھرتی معیشتوں کے مقابلے میں بہتر رہی۔
رپورٹ کے مطابق برآمدات نے اپنی کرونا سے قبل ستمبر والی سطح کو چھو لیا، ٹیکسٹائل، سیمنٹ اور دوا سازی کی بلند برآمدی وصولیوں سے بھی مدد ملی، ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ ہوا۔
صنعت کے شعبے میں سیمنٹ اور فوڈ پروسیسنگ صنعتوں میں اضافہ ہوا، گاڑیوں کے شعبے میں بھی بحالی ہوئی، مہنگائی تھوڑی سی بڑھ گئی، جسے غذائی مہنگائی سے منسوب کیا جا سکتا ہے۔
روزگار اسکیم کی رقم 13 نومبر 2020 تک بڑھ کر 238.2 ارب روپے ہو گئی، کرونا سے نمٹنے کی ری فنانس سہولت کی رقم بڑھ کر 8.4 ارب روپے تک پہنچ گئی۔