اتوار, فروری 23, 2025
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ نے9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کےلئے عمران خان کی درخواست ہر سماعت کی۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے بادی النظر میں تو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور نہیں ہونے چاہئیں، ابھی میرٹس پر کیس نہیں سنا، ہم آپ کو سنیں گے، لگتا ہے یہاں سب کو جلدی ہے، ٹھوس وجہ بتائیں۔

وکیل حامد خان نے دلائل دیئے ڈیڑھ سال ہوگیا،پتا تو کرالیں نو مئی کو ہوا کیا تھا، احتجاج کرنے پر فوج طلب کرلی جاتی ہے، جس پر جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دیئے آرٹیکل دو سو پینتالیس کے تحت سول حکومت معاونت کیلئے فوج طلب کرتی ہے، یہ تو آئین میں لکھا ہوا اختیار ہے، آپ ابھی تک یہ نہیں بتا پائےآرٹیکل دو سو پینتالیس کا غلط استعمال کیسے ہوا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے آپ ایک آئینی اختیار کو ان ڈکلیئر مارشل لا کیسے کہہ سکتے ہیں، آپ کو آرٹیکل دو سو پینتالیس کے تحت آئینی اختیار کو چیلنج کرنا پڑے گا۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ اگر کمیشن بن بھی گیا تو صرف ذمہ داری ہی فکس کرے گا، جوڈیشل کمیشن رپورٹ کا فوجداری مقدمات پر اثر نہیں پڑے گا۔

وکیل حامد خان کا کہنا تھا کہ آپ اعتراضات دور کرکے درخواست میرٹ پر سنیں تو میں عدالت کو مطمئن کروں گا، جسٹس امین الدین خان نے قرار دیا کیس دوبارہ لگنے پر آپ کو اٹھائے گئے سوالات پر مطمئن کرنا ہوگا۔

نو مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کےلئے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے درخواست کو نمبر لگا کر سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا اور سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں