اسلام آباد: پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث سڑکوں کی بندش سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں لانگ مارچ ،سڑکوں کی بندش سےمتعلق پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی درخواست کی سماعت ہوئی، تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کیلئے متبادل جگہ دینے کا حکم جاری کردیا اور چیف کمشنر اسلام آباد کو متبادل جگہ کیلئےانتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری کو پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ہدایات لینے کا حکم دیا اور کہا کہ پورا ملک بند کردیاگیا، عوام کی سہولت کے لئے اقدامات کیے جائیں کیس کی مزید سماعت اب ڈھائی بجے ہوگی۔
سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی قیادت کو مذاکرات کیلئے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، جسٹس اعجاز الاحسن نے حکم دیا کہ لانگ مارچ کیلئےمناسب جگہ فراہم کی جائے، معاملات کو افہام وتفہیم کے لئے چیف سیکریٹری ،چیف کمشنر پی ٹی آئی کیساتھ بیٹھ کرمذاکرات کریں،معزز جج نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنا احتجاج کریں اور گھروں کو جائیں۔سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی صاحب پولیس کے کارناموں کا وزن بہت زیادہ ہے ہم حکومت سے توقع رکھتے ہیں راستوں کی بندش ختم کرے گی۔
جسٹس اعجازالاحسن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حکومتوں کا آنا جانا ایک جمہوری عمل ہے، آپکے آپس کے مفادات کی پا کستان کے مفادات کے سامنے اہمیت نہیں۔