اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں کاحوالہ دے کر منشیات کے ملزم نے ضمانت لے لی، ملزم کے وکیل نے کہا بانی پی ٹی آئی پر200سے زائد مقدمات ہیں انہیں ضمانتیں مل گئیں جبکہ میرےمؤکل پر14مقدمات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں منشیات کے کاروبارمیں ملوث ملزم عبید کی ضمانت کی درخواست ہوئی۔
جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نےضمانت درخواست پرسماعت کی۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ ملزم پر14مقدمات درج ہیں،ضمانت کیسےدےیں، منشیات میں ملوث ملزم ضمانت کانہیں سزاکاحقدار ہے، تعلیمی اداروں میں بھی منشیات کاناسورپھیل رہا ہے۔
وکیل نے بتایا کہ آرٹیکل25کےتحت میرا موکل اور بانی پی ٹی آئی برابر کے شہری ہے، جس پرجسٹس منصورعلی شاہ نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کااس ضمانت کیس سے کیا تعلق ہے؟
وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر200سے زائد مقدمات ہیں انہیں ضمانتیں مل گئیں، بانی پی ٹی آئی کو سائفر کیس میں ضمانت ہوئی تو4مقدمات میں سزایافتہ تھے، ایک ملزم کو200مقدمات میں ضمانت مل سکتی ہے تو میرےمؤکل پر14مقدمات ہیں۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیئے بانی پی ٹی آئی اورآپ کے مؤکل کے مقدمات کی نوعیت مختلف ہے، بانی پی ٹی آئی کیس کاان مقدمات سےکیاموازنہ ہے؟ .
جس پر وکیل ملزم عبید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر بھی دہشت گردی کےمقدمات ہیں، بانی پی ٹی آئی پرسائفرکاکیس ہےجس کی سزاموت ہے، میرامؤکل ضمانت کا زیادہ حقدار ہے۔
وکیل کےدلائل پر جسٹس منصورعلی شاہ زیر لب مسکرادیئے اور کہا چلیں دیکھ لیتے ہیں آپ عدالتی فیصلوں کا حوالہ دے دیں۔
عدالت نے منشیات کے کاروبار میں ملوث عبید کی درخواست ضمانت منظورکرلی۔