اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیردانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا اور کیس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔
وفاقی وزیر دانیال عزیز اپنے وکیل کے ہمراہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔
دانیال عزیز نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ جواب دینے کی مہلت دی جائے جس پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ ہم اظہار وجوہ کا نوٹس دیتے ہیں آپ جواب جمع کرادیں۔
بعدازاں عدالت عظمیٰ نے وفاقی وزیر دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔
توہین آمیز تقاریر پر دانیال عزیز کو عدالت میں طلبی کا نوٹس
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تقاریر پر 2 فروری کوسپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں