اسلام آباد : سپریم کورٹ نے این اے 60 میں قانون کے مطابق ضمنی انتخاب کا حکم دے دیا، جس کے بعد شیخ رشید نے اپنی درخواست واپس لے لی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی این اے 60 پر الیکشن ملتوی ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
چیف جسٹس نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 میں انتخابات ملتوی کیے جانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قانون کے مطابق ضمنی انتخاب کا حکم دے دیا۔
جس کے بعد درخواست گزار شیخ رشید نے اپنی درخواست واپس لے لی۔
اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ ساری قوم کی طرف سے آپ کی عظمت کو سلام پیش کرتاہوں، آپ عظیم انسان ہیں، اللہ کے بعد ملک میں الیکشن آپ نے کرائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کہہ دیاتھا الیکشن ہرصورت ہوں گے ورنہ چیف جسٹس نہیں رہوں گا۔
خیال رہے کہ این اے 60 میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید مسلم لیگ ن کے امیدوار حنیف عباسی کے مدمقابل تھے۔
مزید پڑھیں : شیخ رشید کی این اے 60 کا الیکشن ملتوی کرنے پرسپریم کورٹ میں درخواست
یاد رہے انسداد منشیات کی عدالت کی جانب سے ایفیڈرین کیس میں مسلم لیگ ن کے امیدوار حنیف عباسی کو قید کی سزا سنائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں انتخاب ملتوی کردئے تھے، جس کے خلاف شیخ رشید نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن امیدوارکی وفات کی صورت میں ملتوی کیے جا سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کا فیصلہ الیکشن ایکٹ،آئینی آرٹیکلزکی خلاف ورزی ہے۔