ہفتہ, فروری 1, 2025
اشتہار

چیف جسٹس کا نادرا کو پرویز مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کھولنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : چیف جسٹس آف پاکستان نے پرویز مشرف کے ٹرائل کیلئے دو روز میں خصوصی عدالت قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے نادرا کو سابق صدر کے بلاک کئے گئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کھولنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی کے معاملے کی سماعت کی۔

چیئرمین نادرا نے بتایا کہ پرویز مشرف کی واپسی کارڈ کے بلاک ہونے کی وجہ سے ممکن نہیں ہے، جس پر چیف جسٹس نے قرار دیا کہ عدالت نے پرویز مشرف کو واپسی کیلئے تحفظ دیا تھا، ایئر پورٹ سے عدالت تک پرویز مشرف کو گرفتار نہ کیا جائے، کارڈ بلاک کر کے کیوں ان کی واپسی روکنے کا عذر پیدا کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا پرویز مشرف واپس آئیں اور اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔

عدالت نے پرویز مشرف کے ٹرائل کے لیے دو روز میں خصوصی عدالت قائم کرنے کا حکم دیا اور نادرا کو ہدایت کی کہ پرویز مشرف کے بلاک کارڈ اور پاسپورٹ کو کھولا جائے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عدالت میں پیش ہوں تو الیکشن کمیشن میں ان کی نامزدگی کے کاغذات وصول کر لیے جائیں گے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے پرویز مشرف کی نا اہلی کے خلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 13 جون کولاہور رجسٹری آجائیں، انھیں پیشی تک گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

جس کے بعد نادرا کی جانب سے سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا تھا، جس کے باعث ان کا پاسپورٹ بھی منسوخ ہوگیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں