اسلام آباد : سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس براہ راست نشر کرنے کی درخواست مسترد کردی، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے کیس براہ راست نشر کرنے کی درخواست کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق نیب ترامیم کیس براہ راست نشر کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی ، سپریم کورٹ نے درخواست 1-4 کے تناسب سے مسترد کی۔
چیف جسٹس فائزعیسیٰ، جسٹس جمال مندوخیل ، جسٹس امین الدین اورجسٹس نعیم اخترافغان نے درخوست مسترد کی جبکہ جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلے سےاختلاف کیا۔
سماعت کے آغاز میں ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے کیس براہ راست نشر کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ یہ عوامی مفاد کا معاملہ نہیں ہے، آخری سماعت پرتو آپ نے ایسی درخواست نہیں دی۔
مزید پڑھیں : نیب ترامیم کیس: بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیش
چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل کے پی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا اسے ختم کریں اوربیٹھ جائیں، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے یہ کیس براہ راست دکھانا چاہیے کہ منفی تاثر نہ جائے۔
بعد ازاں سماعت براہ راست دکھانے سے متعلق بینچ مشاورت کیلئے اٹھ کر چلا گیا تھا۔