پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

سپریم کورٹ نے عائشہ گلالئی کی نااہلی سے متعلق عمران خان کی درخواست مسترد کردی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے عائشہ گلالئی کی نااہلی سے متعلق عمران خان کی درخواست مسترد کردی ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی لوگ ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے عائشہ گلالئی کی نااہلی سے متعلق عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ بتائیں نااہلی کس بنیاد پر چاہتے ہیں؟ جس پر وکیل عمران خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی نےپارٹی ہدایت کےباوجودووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا کیا پارٹی چیئر مین نے ووٹنگ میں حصہ لیا؟

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا عائشہ گلالئی نے استعفی دے دیا ہے؟ جس کے جواب میں عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ نہیں، عائشہ گلالئی نے ایک پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا کہا۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے تحریری استعفیٰ نہیں دیا، سیاسی لوگ ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے عائشہ گلالئی کی نااہلی سے متعلق عمران خان کی درخواست مسترد کردی۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔


مزید پڑھیں :  عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لیے عمران خان کی درخواست مسترد


بعد ازاں عائشہ گلالئی کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نےعمران خان کاریفرنس خارج کردیا ہے اور الیکشن کمیشن کے فیصلےکو برقرار رکھا ہے۔

وکیل عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں کہا تھا 10اگست کونوٹس بھیجا تھا، نوٹس پر17اگست کوجواب دینا تھا جبکہ عمران خان نے نوٹس 18اگست کوعائشہ گلالئی کو بھیجا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ عمران خان نےکہا عائشہ گلالئی کاجواب نہیں ملا جوکہ جھوٹ تھا، کوئی صادق اورامین شخص اتنا جھوٹ نہیں بولے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں عائشہ گلالئی کو نا اہل کرنے سے متعلق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسترد کردی تھی۔


مزید پڑھیں : تحریک انصاف میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں، عائشہ گلالئی


واضح رہے کہ یکم اگست 2017 کو عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان پرسنگین الزمات عائد کیے تھے۔

جس کے بعد 28 اگست کو پاکستان تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کی پارٹی رکنیت منسوخ کردی تھی جبکہ انہیں ڈی سیٹ کرانے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں