جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

معذور افراد کی بھرتیوں پر وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے تفصیلی رپورٹ طلب

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے معذور افراد کی ملازمتوں میں کوٹے سے متعلق کیس سماعت 6 ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں معذور افراد کی ملازمتوں میں کوٹے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ معذور افراد کی بھرتیوں کا مرحلہ کہاں تک پہنچا؟۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ عبوری رپورٹ جمع کرائی ہے تفصیلی رپورٹ کے لیے مہلت چاہیے، کے پی میں 427 افراد کو بھرتی کیا گیا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ نیشنل کونسل برائے بحالی معذور افراد کا کیا بنا؟ عدالت عظمیٰ نے استفسار کیا کہ شکایات کا فورم ختم کردیا توکیا ہر ایک شکایت سپریم کورٹ سنے گی؟۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ نیشنل کونسل برائے بحالی معذور افراد کا آ ج اجلاس ہو گا، سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ 5 سال سے کیس زیرالتوا ہے لیکن اقدامات صرف 6 ماہ میں ہوئے۔

انہوں نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ پنجاب میں 4712 خصوصی افراد کو بھرتی کیا جا چکا ہے ، نجی اداروں کی جانب سے معذورافراد کے فنڈ میں 5کروڑجمع ہوئے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ ان فنڈز کا کیا استعمال کیا گیا؟ آئندہ سماعت پرمعذور افراد کے لیے فنڈ کی تفصیلات دیں، جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ اچھی نہ لگی تو معاملہ اینٹی کرپشن کو بھیجیں گے۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ تمام حکومتی اداروں کو معذور افراد کے لیے احترام دکھانا ہو گا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے معذور افراد کی بھرتیوں پروفاقی اورصوبائی حکومتوں سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں