اسلام آباد: مشال خان قتل ازخود نوٹس کیس کی سماعت کل سپریم کورٹ میں ہوگی، سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں ساتھیوں کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے طالب علم مشال خان کے قتل پر چیف جسٹس کی جانب سے لیے جانے والے ازخود نوٹس کی سماعت کل سپریم کورٹ میں کی جائے گی۔
سماعت چیف جسٹس خود کریں گے
ازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا، کیس کی تحقیقات کے حوالے سے آئی جی خیبرپختونخوا نے رپورٹ جمع کروادی ہے جبکہ سماعت میں حاضری کے لیے آئی جی اور ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مردان کی عبدالولی یونیورسٹی میں مشتعل طالب علموں نے مشال خان پر توہین رسالت کا الزام لگا کر اُس پر حملہ کیا اور شدید تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا تھا۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے گزشتہ روز تحقیق کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ توہین رسالت کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں ملے، مشال پر غلط الزام عائد کر کے قتل کیا گیا۔