تازہ ترین

سپریم کورٹ نے حدیبہ پیپرز ملز کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے نواز شریف فیملی کے خلاف حدیبہ پیپرزملز کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا، جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ تیرہ نومبرکوسماعت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق پانامالیکس میں پھنسےنوازشریف فیملی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، حدیبیہ پیپرز ملز کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا، سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ تیرہ نومبر کو دلائل سُنے گا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ تین رکنی بینچ کی سربراہی کریں گے، جسٹس دوست محمد اور جسٹس مظہر عالم بینچ کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ پانامہ کیس کے دوران عدالت کے سامنے نیب نے اس کیس میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا تھا، اس کیس میں پنجاب کے وزیر اعلی شہبازشریف کا نام شامل ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے نیب کا ریفرنس خارج کرتے ہوئے نیب کو حدیبیہ پیپرز ملز کی دوبارہ تحقیقات سے روک دیا تھا۔


مزید پڑھیں : نیب کی حدیبیہ پیپرملز سے متعلق سپریم کورٹ میں اپیل سماعت کیلئے منظور


جس کے بعد نیب نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی اور اب سپریم کورٹ آف پاکستان اس کیس کو دوبارہ کھولنے جارہی ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی حدیبیہ کیس میں اپیل دائرنہ کرنے پرنیب کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور درخواست میں کہا گیا تھا  نیب نے اکیس جولائی کو سات دن میں اپیل دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جسے عدالت نے فیصلے کا حصہ بنایا تھا، 7 دن بعد چیئرمین نیب کویقین دہانی سے متعلق نوٹس بجھوایا ، چئیرمین نیب نے تاحال نوٹس کا جواب نہیں دیا۔

چئیرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل ملزمان کے زیراثر ہیں ، اپیل دائر نہ کرکےعدالتی فیصلے پرعمل میں رکاوٹیں پیداکی جارہی ہیں ، نوٹس نہ لیاگیاتومنی لانڈرنگ سے متعلق سازش کامیاب ہوجائے گی۔


مزید پڑھیں : حدیبیہ پیپرملز ریفرنس دائر کرنے میں تاخیر، شیخ رشید نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا


درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت نے28 جولائی کوعمل درآمد کے لیے نگران جج مقرر کیا تھا، عدالت نیب کو اپیل فائل کرنے کی یقین دہانی پر عملدرآمد کا حکم دے، اپیل دائر نہ کرنے پر چیئرمین اور پراسیکیوٹر کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی۔

خیال رہے کہ یہ کیس شہباز شریف کی سیاست کے لیے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاناما کیس پر نظرثانی اپیلوں کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے نیب کو ایک ہفتے میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کی ہدایت دی تھی، جس پر نیب حکام نے عدالت کو کیس پر اپیل دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -