منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج پھر ہوگی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج ہوگی، عدالت نے قانون پر عمل درآمد روک رکھا ہے۔

سپریم کورٹ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج پھر ہوگی، چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں آٹھ رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

جسٹس اعجاز الاحسن،جسٹس منیب اختر،جسٹس مظاہر نقوی،جسٹس محمد علی مظہر بینچ ، جسٹس عائشہ ملک ،جسٹس حسن اظہر رضوی ، جسٹس شاہد وحید بینچ میں شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے قانون پر عمل درآمد روک رکھا ہے اور اٹارنی جنرل سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

یاد رہے گذشتہ سماعت میں اٹارنی جنرل سپریم کورٹ کو آگاہ کیا تھا کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پر دوبارہ غور کا فیصلہ کیا ہے۔

اٹارنی جنرل نے کہا تھا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل اور نظرثانی قانون دونوں میں کچھ شقیں ایک جیسی ہیں، دونوں قوانین کا باہمی تضاد سے بچانے کیلئے دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے انتظامی معاملے پر قانون سازی عدلیہ کے مشورے سے نہیں ہوئی، سپریم کورٹ کی مشاورت سے اب قانون میں ترمیم ہوگی، دونوں قوانین کے علاوہ دیگر معاملات میں بھی مشاورت ہوگی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی پر ہدایات نہیں دے سکتے، حکومت خود چیزیں ٹھیک کرلے یا حکومت قانون بناتی رہے، ہم مقدمات سنتے رہیں گے، دیکھتے ہیں تیز کون ہے۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ آپ حکومت سے ہدایات لے لیں تب تک کسی اور کو سن لیتے ہیں، اگلے ہفتے اس کیس کو سنیں گے۔

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں