اسلام آباد : سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجربینچ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کی سزا کے خلاف نظر ثانی درخواست پر 28نومبر کو سماعت کرے گا، سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں طلال چوہدری کوسزاسنائی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کی سزا کے خلاف نظر ثانی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی گئی، 5 رکنی لارجر بینچ 28 نومبر کو سماعت کرے گا، 5رکنی بینچ کی سربراہی جسٹس مشیرعالم کریں گے، جسٹس عمرعطا بندیال، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس سجاد علی اور جسٹس منیب اختر بینچ میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عدالت برخاست ہونے تک کی سزا سنائی گئی اور پانچ سال کے لیے نا اہل قرار دیا گیا جبکہ ان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: طلال چوہدری 5 سال کے لیے نا اہل قرار
سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے عدالت میں 2 گھنٹے 5 منٹ قید کی سزا کاٹی تھی ، بعد ازاں طلال چوہدری نے اپنی نااہلی کے فیصلے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالتی فیصلہ قانون کی نظر میں درست نہیں اسے کالعدم قرار دیا جائے، شواہد کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا گیا۔ استغاثہ کے مؤقف کو اہمیت دی گئی لیکن دفاع کو نظر انداز کیا گیا۔
درخواست میں مزید کہا تھا کہ استغاثہ کے خلاف مواد کے باوجود درخواست گزار کو شک کا فائدہ نہیں دیا گیا، الزام ثابت کیے بغیر سزا دی گئی۔ فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے بے قاعدگیاں اور خلاف قانون پہلو موجود ہے۔