پشاور : طلبا کے لئے 6 کروڑ 10 لاکھ روپے کی اسکالرشپ کا اجرا کردیا گیا ، جس سے پی ایچ ڈی ، ایم فل ، بی ایس اور انٹر میڈیٹ طلبا کو ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے 700 سے زائد اقلیتی طلباء کے لیے 6 کروڑ 10 لاکھ روپے کی اسکالرشپ کا اجرا کردیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے پشاور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران طلباء میں وظائف کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
صوبے بھر میں 700 سے زائد طلبا کو تعلیمی معاونت کیلئے اسکالرشپ دی گئی ، 10 پی ایچ ڈی اسکالرز کو 10 لاکھ روپے اور 20 ایم فل اسکالرز کو 2 لاکھ روپے فی کس دیے گئے۔
اس کے علاوہ 60 پروفیشنل اداروں کے طلبا کو 1 لاکھ روپے، بی ایس کے 250 طلبا کو 70 ہزار روپے اور 400 انٹر میڈیٹ طلبا کو 50 ہزار روپے فی طالب علم اسکالر شپ دی گئی۔
مزید پڑھیں : طلبہ و طالبات کیلیے نئی 2723 اسکالرسپس کی منظوری
قبل ازیں سندھ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی سال 24-2023 کے لئے نئی 2723 اسکالرسپس کی منظوری دی گئی تھی، SEEF بورڈ اجلاس میں 4877 طلبہ و طالبات کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے اسکالرشپ کی تجدید کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ SEEF اسکالرشپ کے تحت سندھ سے تعلق رکھنے والے طلباء کو ملک بھر کی 90 یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپ دی جا رہی ہیں۔
SEEF کا کل سرمایہ 9.2 بلین روپے تک پہنچ چکا ہے، جس سے ہونے والی منافعے سے اسکالرشپ کی فیس دی جاتی ہیں۔ سندھ ایجوکیشن اینڈومینٹ فنڈ میں 2 سالوں سے سرمایہ کاری کے لئے 2 بلین روپے کا اضافہ کیا گیا۔