والدین کی اکثریت کو ہمیشہ یہ مسئلہ پریشان کرتا ہے کہ ان کا بچہ ٹھیک سے کھانا نہیں کھاتا، تو اسے صبح کے ناشتے اور لنچ میں کیا دیا جائے جسے وہ کھائے تو اس کی جسمانی ضرورت پوری ہوسکے۔
اکثر بچے صبح اسکول جاتے ہوئے ناشتہ نہیں کرتے بلکہ اسکول کی کینٹین کی غیرصحت مند اشیاء شوق سے کھاتے ہیں جو ان کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر غذائیت حنا انیس نے والدین کی اس مشکل کو آسان کردیا اور ان کا لنچ باکس بنانے کا طریقہ بتا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ لنچ باکس میں صاف ستھرا ایک پھل ضرور رکھیں، اور پروٹین کی کمی کو پورا کرنے کیلئے گھر میں گرلڈ چکن بنا کر تیار رکھیں، اس کے ساتھ سادہ برگر یا چپاتی بھی رکھیں، ساتھ ہی کھیرا، ٹماٹر اور سلاد کے پتے رکھ دیں گے تو زیادہ بہتر ہوگا۔
حنا انیس نے کہا کہ بچوں کو بازار میں ملنے والے فروزن آئٹم اور رنگ والے چپس دینے سے اجتناب کریں اس کی جگہ کابلی چنے، مکئی یا شکر قندی وغیرہ دی جاسکتی ہے۔