اسلام آباد : عیدالفطر کے موقع پر تعلیمی اداروں میں طویل چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عید الفطر 2025 کی چھٹیوں کے اعلان کے تعلیمی اداروں کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔
وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات 31 مارچ سے 4 اپریل تک ہوں گی اور نئے تعلیمی سیشن کا آغاز 7 اپریل سے ہوگا۔
وفاقی وزارت تعلیم نے عید الفطر اور موسم بہار کے موقع پر سرکاری تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے بھی عید کی تعطیلات کے حوالے سے ایسا ہی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، پنجاب حکومت کے نوٹس کے مطابق تعلیمی ادارے عیدالفطر کے موقع پر 31 مارچ سے 2 اپریل تک تین دن کے لیے بند رہیں گے۔
مزید پڑھیں : وفاقی حکومت نے عید الفطر کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا
تعطیلات کے ان اعلانات کے باعث طلباء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، جس سے انہیں خاندان اور دوستوں کے ساتھ تہوار منانے کا موقع ملے گا۔
خیال رہے ماہرین فلکیات اور محکمہ موسمیات نے ملک میں عیدالفطر 31 مارچ کو ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عید الفطر31مارچ کو ہو گی جس کے لیے ماہِ شوال کا چاند 29مارچ کو 3 بجکر 58 منٹ پر پیدا ہو گا اور 30 مارچ کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا اس وقت چاند کی عمر 27 گھنٹے ہو گی، جس کے باعث ماہ شوال کا چاند با آسانی سے دیکھا جا سکے گا، تاہم ماہ شوال کے چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔