کراچی : اسکول میں خواتین سے پرنسپل کی زیادتی کے کیس میں اہم اہم پیش رفت ہوئی، دونوں متاثرہ خواتین عدالت میں پیش ہوگئیں ، جہاں وہ اپنا بیان قلم بند کرائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں اسکول پرنسپل کی جانب سے خواتین سے مبینہ زیادتی کے کیس میں تفتیشی افسر نے 2 متاثرہ خواتین کے بیانات قلم بند کرنے کی درخواست دائرکردی۔
دونوں متاثرہ خواتین عدالت میں پیش ہوگئیں ، کیس کےتفتیشی افسر کی جانب سے مبینہ ویڈیوز پر مشتمل یوایس بی بھی عدالت میں پیش کی گئی، عدالت نے کہا کہ دونوں متاثرہ خواتین کا بیان قلم بند کیا جائے گا۔
گذشتہ روز گلشن حدید اسکول پرنسپل کی خواتین سے زیادتی کیس میں متاثرہ خواتین نے اسٹیل ٹاؤن تھانے میں ملزم کے خلاف بیان ریکارڈ کرایا تھا۔
خواتین کا کہنا تھا کہ عرفان میمن نے نوکری کا جھانسہ دے کر جنسی ہراساں کیا۔ بیان قلمبند کرانے کے بعد متاثرہ خواتین کو عدالت میں طلب کر لیا گیا تھا۔
یاد رہے گلشن حدید کے غیر رجسٹرڈ نجی اسکول کے پرنسپل کی جانب سے مختلف خواتین سے نا زیبا وڈیو سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے اسکول کو سیل کردیا ہے ، ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز قربان علی بھٹو نے کہا تھا کہ واقعہ انتہائی شرمناک ہے،مکمل تحقیقات ہوں گی ، اسکول سے وابستہ لوگوں کے بیان ریکارڈ کریں گے۔