گگومنڈی : نجی اسکول کی چھت گرنے سے 15 بچے ملبے تلے دب کر زخمی گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گگومنڈی کے نواحی گاؤں171ای بی میں واقع نجی اسکول کی چھت گرنے سے15بچے زخمی ہوگئے، اسکول میں تدریس کا عمل جاری تھا اسی دوران زوردار دھماکے کے ساتھ چھت طلباء پر آگری۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبنے والے بچوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے اسکول کا مالک قربان علی اسکول کی چھت پر ایک اور کمرہ تیار کروا رہا تھا کہ چھت اس کا وزن برداشت نہ کرسکی اور اچانک گر گئی۔
زخمی ہونے والے بچوں میں محمد رمضان، مدثر، افضل اور عبداللہ اور دیگر شامل ہیں باقی بچوں کے نام معلوم نہیں ہوسکے۔ اس موقع پر بچوں کے لواحقین نے اسکول انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ اسکول کو فوری طور پر بند کرکے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔