کراچی : نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے گیارہ سالہ عثمان کو سپرد خاک کردیا گیا، متوفی کے والد نے بچے کی موت کا ذمہ دار حبیب پبلک اسکول کو ٹھہرایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے حبیب پبلک اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق بچے کی نماز جنازہ گلستان جوہر میں ادا کی گئی۔
گیارہ سال کے عثمان کی موت پر والدہ کو غشی کے دورے پڑ رہے ہیں دادی کا بھی رو رو کر بُرا حال ہے۔ عثمان کے والد ذیشان درانی کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا اسکول انتظامیہ کی غفلت کے باعث سوئمنگ پول میں ڈوبا۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسکول کے دو سوئمنگ انسٹرکٹر گرفتار کرلیے، رجسٹرار سندھ پرائیویٹ اسکولز رفیعہ ملاح کا کہنا ہے کہ اسکول کی رجسٹریشن کینسل کرنا پڑی تو کریں گے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق جس وقت عثمان ڈوبا اس وقت کوئی انسٹرکٹر وہاں موجود نہیں تھا۔ عثمان کو چار سے پانچ منٹ بعد پول سے نکالا گیا۔
دوسری جانب اس حوالے سے اسکول انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ افسوس ناک واقعہ پر ہم ذیشان کے اہل خانہ کے دکھ میں ان کے ساتھ ہیں اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ انتظامیہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ اسکول میں زیر تعلیم ہر بچے کی حفاظت ان کی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں: اسکول کے پول میں بچے کی ہلاکت: وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔