کراچی : سندھ کے ایک پسماندہ گاؤں میں استاد نے بچوں کو پڑھانے کا ایسا دلچسپ انداز اپنایا کہ بچے روزانہ اسکول جانے کے لیے وقت کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔
پرائمری اسکول ٹیچر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوتی ہیں جنہیں صارفین کی جانب سے سے خوب سراہا جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں پرائمری اسکول ٹیچر فاروق فرید ابڑو نے شرکت کی اور اپنے اس بہترین اور منفرد انداز کے بارے میں بتایا کہ وہ ایسا کیوں کرتے ہیں؟
فاروق فرید ابڑو نے کہا کہ ان کا بچپن بھی اسی گاؤں میں گزرا اور انہوں نے سرکاری اسکول میں ہی تعلیم حاصل کی، میرے اساتذہ نے بھی اپنے شاگردوں کو اسی محنت اور لگن سے پڑھایا تھا اور میں ان کی ہی تقلید کرتا ہوں بس تھوڑا سا انداز مختلف ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی تعلیم اور تجربے کی بنیاد پر بچوں کو جدید انداز میں تعلیم دے رہا ہوں اور اس کا اچھا رزلٹ بھی سامنے آرہا ہے، ایسا نہیں کہ میں جو پڑھاتا ہوں وہ نصاب سے الگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تحقیق کرکے مختلف انداز میں بچوں کی صلاحیتوں اور ان کی توجہ کے مطابق تفریحی انداز میں سمجھاتا ہوں تاکہ وہ اسکول آنے میں اور تعلیم حاصل کرنے میں مزید دلچسپی لیں۔