جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کراچی‌ میں اسکول وین میں آگ لگ گئی، معجزانہ طور پر بچے محفوظ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن کلوچوک کےقریب اسکول وین میں آگ لگ گئی، واقعے میں معجزانہ طور پر بچےمحفوظ رہے جبکہ ایک بچی اورڈرائیورزخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسکول وین بچوں کے لئے خطرہ بننےلگیں، وین ڈرائیورزکی لاپرواہی سے بچوں کی جانیں داؤ پر لگ گئی ہیں، کراچی میں ایک ماہ میں اسکول وین میں آگ لگنے کا دوسرا واقعہ پیش آیا، کورنگی واقعے میں معجزانہ طور پر بچےمحفوظ رہے۔

ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کورنگی زمان ٹاؤن نمبر4 کلو چوک پر اسکول وین میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے ایک بچی اورڈرائیور زخمی ہوگئے، وین میں سوار دیگر تمام بچے محفوظ ہیں۔

قریب موجودشہریوں نے بروقت مدد کرکے بچوں کی جان بچائی، شہری پانی کی بالٹی بھر بھر کر لاتے رہے اور آگ بجھاتےرہے جبکہ حادثےکے وقت وین میں مقررہ تعداد سے زائد بچے سوار تھے۔

پولیس کےمطابق آگ لگتےہی پولیس کی جانب سےفوری رسپانس دیاگیا، وین میں دس بچے سوار تھے، ڈرے سہمے بچوں کو بحفاظت گھر پہنچا دیاگیا تاہم آگ لگنےسےمتعدد بچوں کےاسکول بیگ جل گئے جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی وین کو تھانے منتقل کردیا ہے۔

ٹریفک پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ جس اسکول وین کو آگ لگی وہ سی این جی نہیں پیٹرول پر تھی ،واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔

مزید پڑھیں : کراچی: اسکول وین میں آگ لگ گئی، 14 بچے جھلس کر زخمی

یاد رہے 6  جنوری کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک نجی اسکول کے وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے باعث 14 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔

بعد ازاں پولیس نے وین ڈرائیور رشید کو سہراب گوٹھ کے علاقے سے گرفتار کر کے زخمی طالب علم کے والد کی مدعیت میں غفلت، لاپرواہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

خیال رہے اسکول کی گاڑیوں میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر لگانے پر پابندی ہے اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر اسکول وین میں سلینڈر استعمال کرنے کیخلاف کریک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے۔

کریک ڈاون کے باعث  اسکول وینز مالکان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہڑتال کردی  تھی، مالکان کا کہنا تھا کہ بچوں کی جان داؤ پرلگائیں گے،سی این جی سلنڈرزنہیں ہٹائیں گے جبکہ والدین نے  حکومت سے وین ڈرائیورز کے خلاف ایکشن لینے کامطالبہ کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں