جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

سی این جی کی بندش، اسکول وین ایسوسی ایشن کا ہڑتال کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: اسکول ویننز ایسوسی ایشن نے سی این جی کی بندش پر کل شہر بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔

وین ڈرائیورز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کل لکی اسٹار سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی جائے گی اور اسکول کے بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کی سروس بھی نہیں دی جائے گی۔

ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ سی این جی کی بندش روز کا معمول بن گئی، ہم مہنگائی کے دور میں گاڑیاں پیٹرول پر نہیں چلا سکتے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ  ٹریفک پولیس اہلکار بھی ڈرائیورز کو سی این جی استعمال کرنے پر ہراساں کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ شہر بھر میں روزانہ سیکڑوں بچے وین کے ذریعے اسکول جاتے ہیں، 6 جنوری کو  اورنگی ٹاؤن میں اسکول وین میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 14 کے قریب بچے جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی: اسکول وین میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ درج

بعد ازاں پولیس نے وین ڈرائیور رشید کو سہراب گوٹھ کے علاقے سے گرفتار کر کے زخمی طالب علم کے والد کی مدعیت میں غفلت، لاپرواہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں وین ڈرائیور کو نامزد کیا گیا جبکہ سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں فراہم کی جانے والی وینز سروس کو کمرشل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے پرائیوٹ گاڑیاں چلاتے ہیں جن کی انتظامیہ کے پاس بھی تفصیل نہیں ہوتی البتہ آئندہ اس طرح نہیں ہوگا کیونکہ حکومت قانون بنانے جارہی ہے۔

دوسری جانب یہ بھی یاد رہے کہ کراچی میں گیس کی بندش کے باعث آئے روز سی این جی بند رہتی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بندش کا اعلان کیا جاتا ہے اور خلاف ورزی کرنے والے سی این جی اسٹیشنز کو سیل کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی ایک ہفتے میں گیس کی کمی پوری کرنے کی ہدایت

ایک روز قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان نے حکام کو ایک ہفتے میں گیس کی کمی کو دور کرنے اور فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کا الٹی میٹم دیا تھا۔

انکوائری کمیٹی نے دورانِ ملاقات گیس کی قلت کا ذمہ دار سوئی نادرن اور سدرن گیس کو قرار دیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو ہر صورت گیس کی بحالی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں