ماسکو: بڑی تباہی کے پیش نظر روس کے مشرقِ بعید کے علاقے کے 6 شہروں کے اسکول، میوزیمز، تھیٹرز اور دیگر عمارتیں خالی کرا لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق روس کے مشرق بعید کے چھ شہروں میں یونی ورسٹیوں، اسکولوں، میوزیمز اور تھیٹرز خالی کرائے گئے ہیں، حکام کو اطلاعات ملی تھیں کہ عمارتوں کے اندر دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز ڈیوائسز کی موجودگی کی اطلاع پر عمارتیں خالی کرائی گئی ہیں، سیکورٹی فورسز اسکولز، تھیٹرز اور میوزیمز کی تلاشی لے رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ چینی سرحد کے قریب واقع خبارووسک شہر میں منفی 22 ڈگری درجہ حرارت میں ہنگامی بنیادوں پر اسکولوں اور کنڈرگارٹنز سے تقریبآ 50 ہزار بچوں اور ساڑھے تین ہزار اساتذہ اور اسٹاف کو نکالا گیا۔ ولادی ووسٹاک کے ساحلی شہر میں ایک درجن تعلیمی اداروں اور دو تھیٹرز کو خالی کرایا گیا۔
حکام کے مطابق کومسومولسک، ازیرسک، بیروبزان اور 2 لاکھ کی آبادی والے شہر بالگووشنسک میں بھی بم نصب کرنے کی رپورٹس ملی تھیں۔ خیال رہے کہ دسمبر میں دھماکا خیز مواد کی اطلاعات پر متعدد مرتبہ روس کے مشرق بعید کے شہروں میں تعلیمی اور دیگر اداروں کو خالی کرایا گیا تھا تاہم کوئی اطلاع بھی درست ثابت نہیں ہوئی تھی۔