لاہور : پنجاب میں اسموگ کی صورتحال میں بہتری کے بعد تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا اعلان کردیا گیا تاہم اسکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں اسموگ میں کمی کے بعد لاہوراور ملتان کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا پنجاب میں مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے اسموگ کی صورت حال بہتر ہوئی ہے، جس کے بعد تعلیمی ادارےکل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
راولپنڈی ڈویژن میں کل سے اسکول کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ہے، جس میں طالبعلموں، اساتذہ اور اسٹاف کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسک پہنیں گے تاہم آؤٹ ڈور اسپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی۔
مزید پڑھیں : لاہور میں فضائی آلودگی میں کمی، تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد سورج نکل آیا
نوٹیفکیشن کے مطابق جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کےاوقات ہونگے تاکہ ٹریفک کا اژدہام نہ ہو لیکن اسکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھیلیں گے۔
خیال رہے لاہور 307 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کا اور پنجاب کا دوسرا آلودہ ترین شہر ہے۔
گزشتہ روز تک لاہور آٹھ سو سے زائد ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا، محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے اور اس کی رفتار میں تیزی لاہور میں آلودگی میں کمی کا باعث بنی۔