لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے اسکولوں کو بڑا حکم جاری کردیا ، جس سے موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد طلبا کو بڑی سہولت فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ نے اسموگ تدارک درخواستوں کا تحریری حکم جاری کردیا، جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر 3صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔
جس میں کہا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد اسکولز بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کریں اور محکمہ اسکول ڈیپاٹمنٹ اسکولوں کو فائنل نوٹس جاری کرے۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ جو اسکول عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرے اس کوسیل کردیا جائے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا حکومت اسموگ پرقابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف کارروائیاں کرکے مقدمات درج کیے جارہے ہیں، فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے لیے افسران کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں۔
تحریری حکم نامے میں مزید کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نےدھواں چھوڑنےوالی گاڑیوں کیخلاف کارروائیاں شروع کرددیں۔
خیال رہے لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔
ملتان پاکستان کا آلودہ ترین شہرہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس دو سو پیسنٹھ ریکارڈ کیا گیا جبکہ لاہور دو سو پچاس ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ پاکستان کا دوسرا آلودہ ترین شہر ہے، اسی طرح پشاور تیسرے، راولپنڈی چوتھے اور کراچی پانچویں نمبر پر ہے۔