نیوجرسی : امریکہ میں سفاک ماں نے اپنی کمسن بیٹی کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا، پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے پینس کروو میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جسے دیکھ کر اہل علاقہ کے ہوش اڑگئے۔
کرسٹی الکازر نامی ملزمہ پر الزام ہے کہ اس نے اپنی 5 ماہ کی معصوم بیٹی کے سینے پر چھریوں کے کئی وار کیے جس کے سبب بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
مقامی میڈیا کے مطابق پینس کروو پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر جمعہ کی رات کرسٹی الکازر کو گرفتار کیا اور اس پر اپنی 5 ماہ کی بیٹی کی موت کے سلسلے میں قتل کا الزام عائد کیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شیر خوار بچی کی لاش برآمد کرکے مزید کارروائی کیلئے اسپتال روانہ کردیا۔ بچی کے سینے پر چھریوں کے واضح نشانات پائے گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہیلمس کوولین کے قریب پینس گروو گارڈنز اپارٹمنٹس میں پیش آیا۔ تفتیش کاروں نے جائے وقوعہ سے متعدد چاقو اور دیگر شواہد برآمد کیے ہیں۔
کمپلیکس کے ایک رہائشی شخص کے مطابق الکازر بیٹی کو قتل کرنے سے پہلے فون پر کسی سے جھگڑا کررہی تھی تاہم پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ ملزمہ کس سے بحث کر رہی تھی لیکن اس بات کی تصدیق کی ہے کہ الکازر کا شوہر اس وقت گھر پر موجود نہیں تھا۔
پولیس حکام نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ملزمہ الکازر نے جرم کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنی بچی کو قتل کرنے کیلئے اس کے سینے میں چھری کے کئی وار کیے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کو اپنے اس عمل پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔