اسلام آباد : سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ضمانت منسوخی کی اپیل اعتراض لگا کر واپس کردی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی کی اپیلیں اعتراض لگا کر واپس کردیں۔
رجسٹرار آفس نے نیب کو اپیلوں پرآرٹیکل اور نمبرغلط درج ہونے کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے 14 مارچ کو اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر اکرم قریشی نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ہائی کورٹ نے حقائق کے برعکس شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ شہبازشریف نے آشیانہ ہاؤسنگ اور رمضان شوگرملز کیس میں قومی خزانہ کو نقصان پہنچایا، انہوں نے اختیارات سے بھی تجاوز کیا۔
نیب نے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ شہبازشریف کی ضمانت منظور کرنے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
لاہورہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظورکرلی
یاد رہے کہ 14 فروری کولاہور ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی رمضان شوگرملز، آشیانہ اسکینڈل میں ضمانت منظورکی تھی۔