منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ملزم گلوبٹ جیل سے رہا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن کے روز توڑ پھوڑ میں ملوث گلو بٹ جیل سے رہا ہوگیا، رہائی کے بعد گلو بٹ نے سجدہ شکرادا کیا، پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء کا کہنا ہے کہ گلو بٹ کی رہائی انصاف کا خون ہے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے روز کار سرکار میں مداخلت اور گاڑیوں کی اندھا دھند توڑ پھوڑ میں ملوث گلو بٹ کو گیارہ سال کی سزا کی تکمیل سے قبل عدالتی احکامات پر جیل سے رہا کردیا گیا، سزاﺅں میں کمی اور معافی کے بعد 29ماہ کی قید کاٹنے کے بعد اسے کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے بچنے کے لیے گلو بٹ کو جیل کے پچھلے دروازے سے باہر نکالا گیا جس کی وجہ سے اسے لینے کے لیے آنے والے اہل خانہ جیل کے باہر اس کا انتظار کرتے رہے اور گلو بٹ گھر بھی پہنچ گیا۔

کالا چشمہ پہنے اور ہاتھ میں تسبیح لیے ہوئے گلو بٹ نے جیل سے نکلنے کے بعد اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بھی ادا کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ میری ذات سے جس کو بھی نقصان پہنچا ان سے معذرت خواہ ہوں۔

مزید پڑھیں : ماڈل ٹاون سانحہ، گلو بٹ کو 11سال قید کی سزا سنا دی گئی

یاد رہے کہ 30 اکتوبر سال 2014میں گلو بٹ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کے بعد گیارہ سال قید کی سزا ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

عدالت سے جیل منتقلی کے وقت بھی گلوبٹ نے عدالت کے سامنے سجدہ کیا اور ہاتھ میں تسبیح رکھنے کے علاوہ امام ضامن بھی باندھ رکھا تھا۔

رہائی انصاف کا خون ہے ، پاکستان عوامی تحریک

دوسری جانب گلو بٹ کی رہائی پر پاکستان عوامی تحریک نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، پی اے ٹی کے وکلاء کا کہنا ہے کہ گلو بٹ کی رہائی انصاف کا خون ہے، حکمران جماعت ،پولیس اور پراسیکیوشن کی ملی بھگت سے گلوبٹ رہا ہوا۔

گلو بٹ نے غنڈہ گردی کی ،دہشت پھیلائی حیرت ہے اسے رہا کر دیا گیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ گلو بٹ کی رہائی سے سیاسی دہشت گردی کے منفی کلچر کو فروغ ملے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں