ڈھاکہ : بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد فانی نامی طاقتور سمندری طوفان بنگلہ دیش میں بھی15افراد کو نگل گیا، طوفان کے سبب ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ‘فانی’ نے بھارت کے بعد بنگلہ دیش میں بھی تباہی مچادی۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق مختلف واقعات میں اب تک پندرہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
گزشتہ روز سمندری طوفان ‘فانی’ بھارتی علاقے سے ٹکرانے کے بعد بنگلہ دیش کی طرف بڑھ گیا تھا۔ جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے چار لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
طوفان کے باعث بنگلہ دیش میں سیکڑوں درخت، بجلی کے پولز اور مکانات تباہ جبکہ چودہ دیہات زیر آب آ گئے۔ بنگلہ دیشی پولیس کے مطابق ساحلی علاقے ‘بارگونا’ میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا، متعلقہ حکام کے مطابق سائیکلون فانی کے باعث کروڑوں افراد متاثر ہو سکتے ہیں، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مواصلاتی نظام اور شاہراہوں کو بھی شدید نقصان ہہنچا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی
خیال رہے کہ خطرناک سمندری طوفان فانی گزشتہ روز بھارت کے مشرقی علاقوں سے ٹکرایا تھا، جس کے باعث لاکھوں افراد کے متاثر ہوئے ،اس کے علاوہ مشرقی ریاست اڑیسا سے تقریباً دس لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ۔
مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی حکام نے خطرے کے پیش نظر اڑیسا، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں اسکول، کالج و یونیورسٹیز بند کردی تھیں جبکہ ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئیں۔