نیویارک : امریکہ میں خوفناک سمندری طوفان نے تباہی مچادی کیٹیگری 4 کی شدت والے سمندری طوفان ” لورا ” امریکی ریاست لوزیانا سے ٹکرا گیا۔
لوزیانا کے شہر لیک چارلس میں طوفانی ہواؤں کےساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ لوزیانا اور ٹیکساس میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیٹیگری چار کے طوفان کے راستے میں آنے والے ٹیکساس اور لوزیانا کے علاقوں سے 6 لاکھ سے زائد افراد کو انخلا کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ سمندری طوفان کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
امریکہ کی جنوبی ریاستوں کو ملانے والی مرکزی شاہراہ آئی ٹین کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردی گئی، بحر اوقیانوس میں رواں سال ریکارڈ 25 بڑے طوفان آنے کا امکان ہے۔ لورا اس سیزن کا بارہواں بڑا طوفان ہے۔
لوزیانا کے گورنر نے خبردار کیا ہے کہ طوفان سے ریاست کے متاثرہ حصے پانی میں ڈوب سکتے ہیں، طوفان کے باعث 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ واضح رہے کہ دوسرے بڑے سمندری طوفان لورا کے باعث ہیٹی میں 21 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔