آئی جی سندھ نے دس محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر سیلڈ کی گئی دکانوں، گودام وغیرہ پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے، عمارتوں پر تعینات اسنائپرز بھی انتہائی چوکنا رہیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہدایت دی ہے کہ 10 محروم کو نکلنے والے جلوس کے روٹس پر سیلڈ کی گئی دکانوں، گودام وغیرہ پر کڑی نگاہ اور نگرانی رکھی جائے، بلند عمارتوں پر تعینات اسنائپرز، کمانڈوز انتہائی مستعد اور چوکنا رہیں گے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ مرکزی جلوسوں میں شامل ہونے والی گاڑیوں کے حوالے سے ایس او پی کو فالو کیا جائے۔
غلام نبی میمن نے ہدایت دی کہ شرکا کی سرچنگ کو منتظمین کے تعاون سے یقینی بنایا جائے، دیگر صوبوں سے سندھ میں داخل ہونے والے راستوں پر چیکنگ کو سخت کیا جائے۔
آئی جی نے کہا کہ قانون پسند شہریوں کا دوران پولیسنگ احترام کیا جائے، احسن برتاؤ، مثبت رویوں سے پولیسنگ کو عوام دوست بنایا جائے، یوم عاشور کے حوالے سے سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ میں خود لوں گا۔