کراچی: دو دریا پر ایک نوجوان لیڈی ڈاکٹر سارہ ملک نے مبینہ طور پر سمندر میں چھلانگ لگا کر خود کشی کی ہے، تاہم ریسکیو ٹیم کو اس کی لاش تاحال نہ مل سکی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ویو پر دو دریا کے مقام پر ایک نوجوان لیڈی ڈاکٹر نے سمندر میں چھلانگ لگا دی، ریسکیو ٹیموں نے دوسرے روز بھی سمندر میں تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق پولیس کو ساحل سے لڑکی کا بیگ ملا ہے، بیگ میں موجود شناختی کارڈ سے لڑکی کی شناخت سارہ ملک دختر ابرار احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ لڑکی نے سمندر میں چھلانگ کیوں لگائی؟ اس کی وجہ سامنے نہ آ سکی، لڑکی اعظم بستی محمود آباد کی رہائشی تھی۔
لڑکی کے والد کا پولیس سے رابطہ ہو گیا، لڑکی کے والد ابرار احمد ریٹائرڈ پولیس ہیڈ کانسٹیبل ہیں، والد نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ میری بیٹی ہاؤس جاب مکمل کر چکی تھی، بیٹی نے ایسا کیوں کیا معلوم نہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کے موبائل فون پر فون کالز کی ریکارڈنگ سے مزید معلومات حاصل کریں گے۔ ایدھی کی ریسکیو ٹیم کی سمندر میں لڑکی کی تلاش جاری ہے، گزشتہ رات اندھیرے کے باعث ریسکیو کا آپریشن روک دیا تھا۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سارہ ملک فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر ہے، اور انھیں سارہ ملک کی گم شدگی کے حوالے سے کسی پر شک نہیں، تاہم اہل خانہ نے پولیس کی کارکردگی پر مایوس کا اظہار کیا۔
گزشتہ رات لڑکی کے چاچو وقار ملک نے کہا کہ ہماری بیٹی خود کشی نہیں کرسکتی، وہ سمجھدار لڑکی ہے، ہم رات سے سمندر کنارے کھڑے ہیں لیکن پولیس ابھی تک نہیں آئی۔