کوئٹہ: آٹھ اگست کو رونما ہونے والے سانحہ سول اسپتال کے شہدا کی دوسری برسی آج منائی جارہی ہے.
تفصیلات کے مطابق آٹھ اگست 2016 کو کوئٹہ کے سول اسپتال میں ہونے والے سانحے کی آج دوسری برسی منائی گئی. اس سانحے میں دہشت گردوں کی جانب سے آٹھ اگست کو وکلا، صحافیوں اور سول سوسائٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا.
وکلاء تنظیموں کی جانب سے بلوچستان بھر میں یوم سوگ منایا گیا، بار رومز میں سیاہ جھنڈے لگائے گئے، عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا بلوچستان ہائی کورٹ میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا.
وکلا تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن کی رپورٹ پر عمل درآمد کیا جائے، تاکہ وکلا اور شہریوں کو تحفظ مل سکے.
سانحہ کوئٹہ پر کمیشن نے حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھا دیے
دو سال گزرنے کے باوجود سانحے کی تلخ یادیں کوئٹہ کے عوام دلوں پر نقش ہے، 74 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں وکلا کی اکثریت تھی۔
یاد رہے کہ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ میں وزارت داخلہ کے کردار پر سوال اٹھایا گیا تھا. کمیشن نے تنبیہہ کی کہ منافقت ختم کی جائے اور کالعدم تنظیموںپر فوری پابندی عائد کی جائے۔