اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے درخواست گزاروں کے لیے ایک اور قرعہ اندازی پیر کے روز کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق حج 2019 کی قرعہ اندازی میں ناکام درخواست گزاروں کو ایک اور موقع مل سکتا ہے، حج 2019 کے نئے موصول شدہ کوٹے کی دوسری قرعہ اندازی کا اعلان کردیا گیا۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ دوسری قرعہ اندازی پیر 20 مئی دن 3 بجے ہوگی۔ قرعہ اندازی میں تقریباً 10 ہزار عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس قرعہ اندازی میں پہلی قرعہ اندازی میں رہ جانے والے درخواست گزار بھی شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن درخواست گزاروں نے پیسے واپس نکلوا لیے وہ بھی شریک ہوں گے۔ منتخب عازمین کو رقم جمع کروانے کے لیے 4 دن کاوقت دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قرعہ اندازی میں نئی درخواستوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 16 ہزار نئے حج کوٹہ میں سے 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد نجی اسکیم کے تحت جائیں گے، نئی حج قرعہ اندازی 9474 عازمین کے لیے ہوگی۔