پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی صائم ایوب نے سنچری اسکور کی۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے بلاوائیو میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو با آسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
زمبابوے کی جانب سے دیے گئے 146 رنز کے ہدف کو پاکستان ٹیم کے اوپنرز نے ہی 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ صائم ایوب نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
نوجوان اوپنر نے 62 گیندوں پر 113 رنز کی نا قابل شکست دھواں دھار اننگ کھیلی۔ اس میں 3 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔ عبداللہ شفیق نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ انہوں نے ناٹ آؤٹ 32 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستانی اسپنرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت زمبابوے کی پوری ٹیم 32.3 اوورز میں 145 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ ڈیون مائرز 33 اور سین ولیمز 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
زمبابوے کی 9 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ ابرار احمد نے پہلے ہی میچ میں چار وکٹیں لے کر اپنے ڈیبیو کو یادگار بنایا۔ سلمان علی آغا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب اور فیصل اکرم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ حسیب اللہ اور محمد حسنین کو ڈراپ کر کے طیب طاہر اور اسپنر ابرار احمد کا ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کرایا گیا تھا۔
صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔ آخری اور فیصلہ کن میچ 28 نومبر کو اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں بارش سے متاثرہ پہلا میچ زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 80 سے فتح حاصل کی تھی۔