بلاوائیو میں کھیلے جا رہے دوسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج بلاوائیو میں کھیلا جا رہا ہے۔ میزبان ٹیم کے کپتان کریک ایرون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 32.3 اوورز میں 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ڈیون مائرز 33 اور سین ولیمز 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے پہلے ہی میچ میں چار وکٹیں لے کر اپنے ڈیبیو کو یادگار بنایا۔ سلمان علی آغا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ حسیب اللہ اور محمد حسنین کو ڈراپ کر کے طیب طاہر اور اسپنر ابرار احمد کا ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کرایا گیا۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں بارش سے متاثرہ پہلا میچ زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 80 سے فتح حاصل کرکے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی ہوئی ہے۔
پاکستان کو سیریز بچانے کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہوگا۔
ون ڈے میچز کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز بھی بلاوائیو میں شیڈول ہے۔