لاہور: تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ رواں دواں ہے، قافلہ آج جہلم پہنچے گا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوسرے مرحلہ ساتویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کی قیادت میں قافلہ آج جہلم پہنچے گا، جہلم کے شاندار چوک پرپنڈال سج گیا ہے ، بینرز اور پارٹی پرچم لگا دیئے گئے ہیں۔
استقبالیہ کیمپس میں جشن کا سماں ہے اور پارٹی ترانے گونج رہے ہیں، عمران خان شام4بجے مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے ، جس کے کئے شاندارچوک پر بڑی اسکرین نصب کردی گئی ہے۔
دوسری جانبحقیقی آزادی لانگ مارچ کے دوسرے مرحلہ میں تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کی قیادت میں قافلہ آج سرگودھا ڈویژن میں داخل ہوگا۔
کوٹ مومن،مٹیلہ اوربھاگٹانوالہ میں شاندار استقبال کی تیاریاں کرلی گئیں ہیں اور یونیورسٹی روڈ کے 3 مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگ گئے ہیں، مرکزی پنڈال خیام چوک میں سجایا گیا ہے، عمران خان مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔
حقیقی آزادی لانگ مارچ کے قائدین آج رات سرگودھا میں قیام کریں گے اور کل دن ساڑھے11بجے مارچ اگلی منزل کی جانب روانہ ہوں گے۔
اس حوالے سے ترجمان وزیر اعلیٰ و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں قافلہ آج جہلم کیلئے روانہ ہو گا، حقیقی آزادی مارچ کا آج شاندار چوک جہلم میں پڑاؤ ہو گا۔
مسرت جمشید کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری حقیقی آزادی مارچ کی میزبانی کریں گے، شاہ محمود قریشی 4:15 بجے مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے اور عمران خان 4:30 بجے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاسے خطاب کریں گے، کوئی بھی سازش عوام کو عمران خان سے دور نہیں کر سکتی۔