تازہ ترین

کاروباری آسانیاں، پاکستانی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 186 فیصد اضافہ

کراچی: سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کاروباری آسانیوں کے بعد نئی کمپینوں کی رجسٹریشن میں 186 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن سے متعلق اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال اسی ماہ کے مقابلے میں 186 فیصد سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق حالیہ رجسٹریشن کے بعد پاکستان میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 1 لاکھ 41 ہزار 829 تک پہنچ گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’اپریل 2021 میں99فیصدکمپنیاں آن لائن رجسٹرڈہوئیں، جن میں سے بیشتر 94 انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ہیں، اسی ماہ میں 43 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی ہوئی۔

مزید پڑھیں: عامر خان چیئرمین ایس ای سی پی تعینات ، نوٹی فکیشن جاری

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’ ٹریڈنگ کے شعبے میں 180، تعمیرات میں 117 ، امپورٹ ایکسپورٹ میں بھی 115 نئی کمپنیاں رجسٹر ڈ ہوئیں۔ اسلام آباد میں  736 ، لاہور میں 667 ،  کراچی میں 378  اور پشاور میں 151 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

ایس ای سی پی کے چیئرمین عامر خان کے مطابق ’کمپنی کی رجسٹریشن کے تمام مراحل ڈیجیٹلائز کردیئے ہیں، اب کوئی بھی شخص اپنےگھر، دفتر یا بیرون ملک میں رہتے ہوئے کمپنی رجسٹرڈ کرواسکتا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’ایس ای سی پی کی ای سروسز کو سندھ اور پنجاب کے صوبائی محکموں کے ساتھ بھی منسلک کر دیا گیا ہے‘۔

Comments

- Advertisement -