جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس: ظفر حجازی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چوہدری شوگر مل کی ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں گرفتار چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ وفاقی تفتیشی ایجنسی ایف آئی نے 10 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی تفتیش کے دوران چوہدری شوگر مل کے ریکارڈمیں ٹیمپرنگ کے الزام کا سامنا کرنے والے چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ظفر حجازی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔

ایف آئی اے نے ظفر حجازی کے 10 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ ایف آئی اے کے مطابق ظفر حجازی تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے۔

اس سے قبل ظفر حجازی نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی تھی تاہم گزشتہ روز عدالت نے ان کی ضمانت منسوخ کردی اور انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتاری کے ساتھ ہی علالت

ظفر حجازی ایف آئی اے کی تحویل میں جاتے ہی بیمار پڑ گئے۔ حراست میں لیے جانے کے بعد انہیں گردوں میں تکلیف کی شکایت پر اسپتال لے جایا گیا جبکہ انہیں دل کا عارضہ اور شوگر کا مرض بھی لاحق ہوگیا۔

میڈیکل بورڈ نے ظفر حجازی کو زیر علاج رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خصوصی بورڈ پر تحریک انصاف کی جانب سے وضاحت طلب

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے ظفر حجازی کے لیے خصوصی میڈیکل بورڈ کی تشکیل پر وزارت داخلہ سے وضاحت طلب کرلی۔

تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ ظفر حجازی کے طبی معائنے کے لیے من پسند بورڈ کی تشکیل شرمناک ہے۔ وزیر داخلہ بتائیں کہ کیا ایف آئی اے کو ظفر حجازی کو بچانے کا کہا گیا ہے۔

بابراعوان کا کہنا تھا کہ ناسازی طبع کی من گھڑت داستان کا مقصد ظفرحجازی کو سزا سے بچانا ہے۔ گاڈ فادر ظفر حجازی کو بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور اسحٰق ڈار کے دیگر مددگار بھی جیلوں میں ہوں گے۔

ادھر اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے بھی ظفر حجازی کے لیے خصوصی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جیل سے بچانے کے لیے اقدامات ہو رہے ہیں۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں