جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

سوڈان کے لیے چار فٹ کا ‘سیکرٹری’ کیا اہمیت رکھتا ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

منہ عقاب کی طرح، ٹانگیں بگلے جیسی اور قد 4 فٹ سے کچھ نکلتا ہوا۔ اس کا وزن تقریباً 5 کلو ہوسکتا ہے۔ ہم بات کررہے ہیں سیکرٹری برڈ (Secretry Bird) کی جس کی زندگی سرسبز میدانوں اور گھاس پھونس کے درمیان گزرتی ہے۔

اس پرندے کے نام پڑھتے ہی ہمارا ذہن اُس عام منصب یا عہدے کی طرف جاتا ہے جو دفاتر اور مختلف تنظیموں میں‌ کسی فرد سے مخصوص ہوتا ہے اور آپ کو حیرت ہوگی کہ پرندے کے اس نام کی بنیاد یہی لفظ ہے۔

اس کی وجہِ تسمیہ یہ کہ اٹھارھویں صدی عیسوی میں دفاتر میں کلرک اور سیکرٹری جیسے منصب دار تحریر کے لیے پرندوں کے جو پنکھ استعمال کرتے تھے، وہ اس پرندے کے سَر کے پروں کی طرح پھیلے ہوئے ہوتے تھے۔ تبھی سے یہ خوب صورت مخلوق سیکرٹری برڈ مشہور ہوگیا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ یہ نام سوڈان کی قومی زبان کے لفظ سقرُالطّیر سے نکلا گیا ہے جس کا مطلب ہے صحرائی عقاب۔

- Advertisement -

یہ پرندہ سوڈان اور ساؤتھ افریقا کے درمیان گھاس اور جڑی بوٹیوں کے گرم میدانوں میں پایا جاتا ہے۔

اس کی من پسند غذا سانپ ہیں۔ ان کے علاوہ یہ چھپکلیاں، مینڈک، مختلف قسم کے کیڑے پتنگے، چوہے اور خرگوش کے بچے بھی ہڑپ کر جاتا ہے۔ اس کام کے لیے سیکرٹری برڈ اپنے پنجوں کا استعمال کرتا ہے۔

سانپ سے سامنا ہوتے ہی یہ اپنے پَروں کو پھیلا لیتا ہے اور اپنا سَر اٹھا کر اس پر موجود اپنے پَروں کا تاج کھڑا کر لیتا ہے۔ اس کے تاج کے پروں‌ کا رنگ کالا ہوتا ہے۔ اس کی نظر سانپ کے سَر پر جمی رہتی ہے اور موقع پاکر یہ اس کے سَر پر وار کرتا ہے اور عموماً ایک ہی وار میں اس کا کام تمام کردیتا ہے۔ سانپ اس حملے کی صورت میں جوابی کارروائی بمشکل ہی کرپاتے ہیں۔

اس پرندے کے پنجہ مارنے کی رفتار ہمارے پلک جھپکنے کی رفتار سے بھی تیز ہوتی ہے اور اس کے پنجوں میں طاقت اس کے جسم سے بھی تین گنا زیادہ۔ گویا سانپ کے سَر پر 20 کلو کا پتّھر مار دیا گیا ہو۔ یہ اپنے شکار کو سالم نگل جاتا ہے۔

یہ پرندہ گھاس کے میدانوں میں موجود ببول کے درختوں پر سوکھی ٹہنیاں ڈال کر آشیانہ بناتے ہیں اور اس کی مادہ سال میں دو سے تین انڈے دیتی ہے۔ یہ انڈے سبز اور نیلے رنگ کے ہوتے ہیں۔ نَر پرندہ بھی انڈے سینکتا ہے، لیکن اس کا اصل کام شکار کرنا ہوتا ہے۔ تقریباً 50 دن بعد انڈوں سے بچّے نکل آتے ہیں۔

یہ پرندہ سوڈان میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وہاں اسے ملک دشمنوں کا مقابلہ کرنے کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ سوڈان کے ڈاک ٹکٹوں کے علاوہ صدراتی جھنڈے اور صدارتی مہر پر بھی اسی کا عکس (لوگو) نظر آتا ہے۔

سیکرٹری برڈ اپنی زندگی کا بڑا حصّہ زمین پر چل پھر کر ہی گزارتے ہیں اور ایک دن میں اوسطاً دن میں 35 کلومیٹر تک چلتے ہیں۔ یہ بہت اونچی اڑان بھر سکتے ہیں۔ تاہم زیادہ تر اپنے مسکن کے اطراف ہی کھلی فضا میں پرواز کرتے ہیں۔ عموماً سہ پہر سے شام تک شکار کرتے ہیں اور پھر اپنے گھونسلے میں چلے جاتے ہیں۔

عام طور پر جوان سیکرٹری برڈ پر کوئی جانور حملہ نہیں کرتا البتہ ان کے بچّے ضرور دوسرے پرندوں کا شکار بن جاتے ہیں۔

(مترجم: عظیم لطیف)

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں