اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، ایک سرکاری ملازم کی وجہ سے بداعتمادی پیدا ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی غیرحاضری کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کی غیرحاضری ایوان کی بےتوقیری کے مترادف ہے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ ایوان میں آتے ہیں نہ ہی کمیٹیوں کے اجلاس میں، سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، ایک سرکاری ملازم کی وجہ سے بداعتمادی پیدا ہو رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور وزیراعظم کو خط لکھ کر آگاہ کریں، وزیراعظم تک پیغام پہنچائیں سیکرٹری داخلہ کے خلاف ایکشن لیں۔ انہوں نے حکومت سے سیکرٹری داخلہ کے خلاف کارروائی پر رپورٹ طلب کرلی۔
یاد رہے کہ 4 روز قبل چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کے اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک پر بحث کے دوران وزارت داخلہ کے افسران کی عدم موجودگی پر سیکرٹری داخلہ سے تین روز میں وضاحت طلب کی تھی۔
سیکرٹری سینیٹ محمد انور نے سیکرٹری داخلہ کو چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ قواعد کے مطابق تحریک التوا پر بحث کے دوران سیکرٹری داخلہ کا موجود ہونا ضروری تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ ارکان نے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی تھی۔