اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ممتاز بلوچ کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ 11 سے 12 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز بلوچ نے ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ11 سے 12 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں سیکرٹری او آئی سی کی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات بھی ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا دورے کے دوران سیکرٹری اوآ ئی سی آزاد کشمیر کا دورہ بھی کریں گے۔
ممتاز بلوچ نے بتایا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹواس وقت مشرقی ایشیا کے 3 روزہ دورے پر ہیں، انھوں نے انڈونیشین ہم منصب سمیت دیگر شخصیات سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈونیشیا نے وزارتی کمیشن بنانے کے ایم او یو پر دستخط کیے، وزیرخارجہ بلاول آج رات سنگا پور جائیں گے، جہاں وہ سنگاپور کے دورے کے دوران اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔