کوئٹہ: پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے نوشکی میں غیر قانونی شکار کرنے پر 4 عرب شہزادوں سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پاک افغان سرحد کے قریب قانون نافذ کرنے والےادارے نے شکار کے لیے جانے والے 4 عرب شہزادوں سمیت 7 افراد کوگرفتارکرلیا۔
سیکورٹی فورسز کے مطابق شکاریوں کے پاس موجود سدھائے ہوئے باز بھی ضبط کرلیے گئے ہیں جو پرندوں خاص طور پر تلور کے شکار کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اشارے کے باوجود گاڑی نہ روکنے پرسیکورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 30 نومبرکو اسلام آباد ہائی کورٹ نےعرب شہزادوں کو شکار سے روکنے کے لیے درخواست پر وفاق، سیکرٹری خارجہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10دن میں جواب طلب کرلیا۔