سوات میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران سابق تحریک طالبان سوات کا خواتین کو کوڑے مارنے والے گروپ کا دہشتگرد کمانڈر ہلاک کر دیا گیا۔
7 ستمبر کو خفیہ اطلاعات پر فوج اور سی ٹی ڈی نے فضاگٹ سوات میں انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سابق تحریک طالبان سوات کا کمانڈر نیک محمد عرف نیکو عرف عمر مارا گیا۔
ہلاک دہشتگرد کمانڈر سابق تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملا فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا جبکہ عسکریت پسندی کے ابتدائی دنوں میں تحریک طالبان سوات کی کوڑے مارنے والی ٹیم کا رہنما تھا۔
نیک محمد عرف نیکو سوات میں سکیورٹی فورسز کے خلاف درجنوں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔ آپریشن راہ راست کے بعد دہشتگرد خاندان کے ساتھ افغانستان فرار ہوگیا تھا۔
رواں سال کے شروع میں دہشتگرد کمانڈر ٹی ٹی پی تشکیل کے ساتھ واپس سوات پہنچا اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ شروع کی۔ ہلاک دہشتگرد نے ٹی ٹی پی کیلیے بھتہ بھی وصول کرنا شروع کر دیا تھا۔
جون میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مینگورہ سبزی منڈی کے قریب 2 پولیس کانسٹیبلز کو نشانہ بنایا۔ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کیلیے خودکش حملے اور آئی ای ڈی سے ڈی پی او سوات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بھی بنایا۔
پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے سوات میں دہشتگردی میں ملوث کسی بھی فرد یا تنظیم کا قلع قمع کرنے کیلیے متحرک ہیں۔