کوئٹہ : صوبہ بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نےآپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی نے کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف سی نی کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے کیمپ بھی تباہ کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور فورسز پرحملوں میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ ،ڈیٹونیٹرز اورمواصلاتی آلات برآمد ہوئےہیں۔
مزید پڑھیں:بلوچستان: ایف سی کی کارروائی،2ہزارکلوگرام دھماکاخیز مواد برآمد
یاد رہے کہ ایف سی نے گزشتہ ماہ 31 جولائی کو دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 2 ہزار کلوگرام دھماکہ مواد برآمد کرکے دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال جون میں پاک فوج نے بلوچستان میں آپریشن ردالفساد کے تحت اسپلنجی اور مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا تھا۔