راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا اس دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک گرفتار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن میں 2مطلوب دہشت گرد مارے گئے اور ایک گرفتار ہوگیا ہے۔
دو روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر بویہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا تھا، اس دوران دو شدت پسند مارے گئے تھے۔ مطلوب دہشت گرد مقامی لوگوں کے قتل، اغوا، دیگر وارداتوں اور سیکیورٹی فورسز پر 25 سے زائد حملوں میں ملوث تھے۔
واضح رہے کہ 9 مارچ کو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر ٹانک کے قریب کارروائی میں 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ کرنل مجیب الرحمان شہید ہوگئے تھے۔
یاد رہے رواں سال جنوری میں سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 2جوان شہید ہوگئے تھے، شہید ہونے والوں میں سپاہی محمد شمیم اور سپاہی اسد خان شامل تھے۔