بدھ, اکتوبر 23, 2024
اشتہار

فورسز کی کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشتگرد عبدالرحیم ہلاک؛ 4 جوان شہید

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں اہم کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشتگرد عبدالرحیم کو ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حسن خیل میں مطلوب دہشتگرد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں دہشتگرد عبدالرحیم سمیت تین شر پسند مارے گئے۔

عبدالرحیم کے سر کی قیمت 60 لاکھ مقرر تھی۔ ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔ کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالد شفیق اللہ کی شہادت کے واقعات کا ہلاک کمانڈر ذمہ دار تھا۔

- Advertisement -

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئیں، فائرنگ کے تبادلے میں 4 سکیورٹی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے جن میں سپاہی محمد ادریس اور سپاہی بادام گل شامل ہیں۔

شہدا میں خیبر پختونخوا پولیس کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ اور اے ایس آئی محمد اکرم بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ جونوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں دو دہشتگرد ہلاک جبکہ شر پسندوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے کیپٹن شہید ہوگئے تھے۔ شہید 24 سالہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔

علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن جاری رہا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی تھی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی، سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونے والے جوانوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں