ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض کے ایک اسپتال میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کی فرض شناسی نے حکام کو بھی متاثر کردیا، سعودی وزیر صحت کی جانب سے گارڈ کو تعریفی خط موصول ہوا۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ریاض کے ایک اسپتال میں فرض شناس سیکیورٹی گارڈ کو یادگاری تحفہ اور شکریے کا خط پیش کر کے سرپرائز دیا ہے۔
سیکیورٹی گارڈ کو دیے گئے خط میں اس کے اخلاص اور ڈیوٹی کی غیر معمولی پابندی کی ستائش کی گئی ہے۔
وزیر صحت نے خط میں لکھ کہ رفیق کار محمد الحارثی آپ کی حسن کارکردگی، ایثار، آنے جانے والے افراد کا خیر مقدم، عالی ہمتی، خوش گفتاری اور مسکرا کر استقبال کرنا سب کو اچھا لگ رہا ہے۔ میں سب کی جانب سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ کے لیے ممنونیت اور قدر و منزلت کے جذبات رکھتا ہوں۔
وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے وزیر صحت کی جانب سے تحفہ اور توصیفی سند الحارثی کو پیش کیا ہے۔
سیکیورٹی گارڈ کی حسن کارکردگی کی رپورٹ وزارت صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دی تھی جنہیں اسپتال میں مختلف لوگوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بھیجا گیا تھا۔