کراچی: اناڑی سیکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں شہری کے زخمی ہونے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، شہر قائد کے علاقے واٹر پمپ کے قریب ایک گارڈ سے اچانک گولی چل گئی، جس سے ایک بچہ زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر تربیت یافتہ نجی سیکیورٹی گارڈز شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے، ایک اور واقعے میں واٹر پمپ کے قریب گارڈ سے گولی چل گئی، جس کے باعث ایک بچہ زخمی ہو گیا۔
نجی ریسٹورنٹ کے باہر گارڈ کو اسلحے سمیت دیکھا جا سکتا ہے، گولی لگنے کے بعد مشتعل شہریوں نے سیکیورٹی گارڈ کو پکڑ لیا، تاہم وہ خود کو بچانے کے لیے نجی ریسٹورنٹ کے اندر بھاگا۔
چوری کی موٹر سائیکل لے آؤ بدلے میں منشیات لے جاؤ، کراچی میں نیا دھندہ بے نقاب
سامنے آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جھگڑے کے بعد غصے میں بپھرے گارڈ سے گولی چلی، واقعہ 2 روز قبل نجی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ کے باہر پیش آیا تھا، بزرگ شہری اور سیکیورٹی گارڈ میں تلخ کلامی ہوئی، اس دوران سیکیورٹی گارڈ نے بزرگ شہری کو دھکا دیا۔
گارڈ نے غصے سے پستول نکالی اور بار بار چیمبر کھینچنے لگا، پھر گارڈ سے اچانک گولی چلی جو قریب موجود بچے کے پیر پر لگی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گارڈ کے قریب تھوک پھینکنے پر شہری سے تلخ کلامی ہوئی تھی، گولی زمین سے لگ کر بچے کے پیر کو چھوتے ہوئے نکلی۔
پولیس حکام کے مطابق ریسٹورنٹ انتظامیہ، نجی سیکیورٹی کمپنی نے بچے کے اہل خانہ سے رابطہ کیا، فریقین نے تھانے میں آ کر صلح صفائی کر لی تھی، اہل خانہ نے کارروائی نہ کرنے کا کہا جس پر گارڈ کو شخصی ضمانت پر چھوڑا گیا۔